Get Alerts

شہبازشریف کی جگہ رانا تنویر چیئرمین پی اے سی اور خواجہ آصف پارلیمانی لیڈر نامزد

شہبازشریف کی جگہ رانا تنویر چیئرمین پی اے سی اور خواجہ آصف پارلیمانی لیڈر نامزد

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن)  کی نئی سیاسی حکمت عملی سامنے آ گئی، حکومت کو ٹف تائم دینے کیلئے پارلیمانی پارٹی نے رانا تنویر حسین کو شہباز شریف کی جگہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین اور خواجہ آصف کو قومی اسمبلی میں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا۔



مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجا ظفرالحق اور خواجہ آصف کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں شاہد خاقان عباسی، رانا تنویر، خرم دستگیر، مشاہد حسین اور دیگر نے شرکت کی۔


ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے دست بردار ہوگئی اور رانا تنویر کو نیا چیئرمین پی اے سی نامزد کردیا گیا ہے جب کہ خواجہ آصف کو قومی اسمبلی میں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر بنانے کی منظوری دی گئی۔ 


ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی ہدایت پر ہی رانا تنویر کو چیئرمین پی اے سی کے لیے نامزد کیا اور شاہد خاقان عباسی نے خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیا جس کی تمام ارکان نے تائید کی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف متحرک اور سینیئر پارلیمنٹیرین ہیں جنہیں شہباز شریف کی خواہش پر قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بنایا جا رہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی جگہ شاہد خاقان عباسی کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نامزد کرنے پر مشاورت کی جارہی ہے جس کا حتمی فیصلہ شہباز شریف کی وطن واپسی کے بعد ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی حتمی منظوری پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف خرابی صحت کے باعث اپوزیشن لیڈر کا فعال کردار ادا نہیں کرسکتے اور وہ طویل عرصے بعد طبی معائنے کے لیے لندن پہنچے ہیں جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مکمل علاج تک لندن میں ہی قیام کا مشورہ دیا ہے۔