Get Alerts

پیمرا نے لاہور موٹروے سانحہ کیس کی تفصیلات نشر کرنے پر پابندی لگا دی

پیمرا نے لاہور موٹروے سانحہ کیس کی تفصیلات نشر کرنے پر پابندی لگا دی
پیمرا کی جانب سے جاری ایک بیان میں تمام ٹی وی چینلز کو سانحہ موٹروے کیس سے متعلق مزید خبریں نشر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے انتظامی جج کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ کیس کی بہتر پیروی کیلئے اس کیس سے متعلق مزید خبریں نشر کرنے پر پابندی لگا دی جائے۔

عدالت نے کہا ہے کہ کیس میں ابھی تک ایک ملزم پکڑا جاچکا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے اگر میڈیا پر کیس کی تمام کاروائی چلتی رہے تو اس سے مزید ثبوت اور گواہ مٹائے جانے کا خدشہ ہے۔ یہ ایک حساس نوعیت کا زیادتی کیس ہے جس میں متاثرہ خاتون کی عزت کو بھی خطرہ ہے۔ اسی لئے عدالت نے چئیرمین پیمرا کو ہدایات جاری کی ہیں کہ متعلقہ کیس نمبر 1369/2020 بتاریخ 9 ستمبر تھانہ گجر پورہ کی تمام پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نشریات روک دی جائیں۔



پیمرا نے عدالت کے حکم پر متعلقہ تمام ٹی وی چینلز اور اخبارات کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ خلاف ورزی کرنے پر ذمہ داران کو پیمرا کے آرڈینس 2002 کے تحت سخت سزا دینے کی تنبہیہ بھی کر دی گئی۔