انسدادِ دہشتگردی عدالت کا عمران خان کی بہنوں کو  شاملِ تفتیش کرنے کا حکم

تفتیشی افسر نے کہا کہ ابھی تک عمران خان کی بہنوں کو شاملِ تفتیش نہیں کیا گیا ہے۔عظمیٰ خان نے کہا کہ عدالت کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرنا ہمارا حق ہے۔ ہم کب سے انہیں شاملِ تفتیش کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

انسدادِ دہشتگردی عدالت کا عمران خان کی بہنوں کو  شاملِ تفتیش کرنے کا حکم

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)   عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو آج شاملِ تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔

علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانتوں پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل نے کی۔ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور پہنچیں۔ عدالت نے 4 الگ الگ مقدمات میں دونوں خواتین کی عبوری ضمانت میں توسیع کی تھی۔

توسیع کے بعد بھی دونوں خواتین کی مدت ضمانت آج ختم ہوگئی۔ مقدمے کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل نے کی اور دونوں خواتین کو شامل تفتیش کرنے پر سوال کیا جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو آگہی دی۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ ابھی تک عمران خان کی بہنوں کو شاملِ تفتیش نہیں کیا گیا ہے۔ علیمہ خان نے سماعت کے دوران کہا کہ میری ان سے گزارش ہے کہ ہمیں شاملِ تفتیش کریں۔ عظمیٰ خان نے بھی یہی بات دہرائی۔

عظمیٰ خان نے کہا کہ عدالت کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرنا ہمارا حق ہے۔ ہم کب سے انہیں شاملِ تفتیش کرنے کا کہہ رہے ہیں۔ عدالت نے تفتیش کے وقت کے متعلق استفسار کیا تو عظمیٰ خان نے کہا کہ ہم 3 ماہ سے چکر کاٹ رہے ہیں۔

عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان نے کہا کہ ہمیں شاملِ تفتیش نہیں کیا جارہا جس پر عدالت نے تفتیشی افسران کو علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو آج ہی شاملِ تفتیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔