وفاقی دارالحکومت کی مقامی عدالتوں نے مختلف مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کردی۔
ڈسٹرکٹ سیشن عدالت اسلام آباد میں لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے معاملے پر عمران خان کے خلاف درج 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت سیشن جج کامران بشارت مفتی نے کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم کے وکیل بابر اعوان اور پراسیکیوٹر محمد واجد منیر عدالت میں پیش ہوئے۔
بابر اعوان نے عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست دی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کر دی۔
دوسری جانب اسلام آباد کی دوسری ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج مقدمات کے معاملے پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج ایسٹ عبدالغفور کاکڑ نے کی۔ عدالت نے 5 مقدمات میں عمران خان کی عبوری درخواست ضمانتیں پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکوں پر منظور کر لیں۔
وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے عمران خان کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر حاضری استثنا کی درخواست دی، جس پر بحث مکمل ہونے کے بعد عدالت نے عمران خان کی عبوری درخواست ضمانتیں منظور کر لیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں مقدمہ نمبر 501،500،لوہی بھیر میں مقدمہ نمبر 593، تھانہ کورال میں مقدمہ نمبر 1078 اور تھانہ سہالہ میں 462 نمبر مقدمہ درج ہے۔