سعودی شاہی حکام کی نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کو عمرے کی دعوت

سعودی شاہی حکام کی نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کو عمرے کی دعوت
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز ال سعود نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کو عمرے کے لیے مدعو کیا ہے۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق نواز شریف 11 اپریل کو اپنی صاحبزادی مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ نجی طیارے میں سعودی عرب جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کو بھی سعودی شاہی حکام نے عمرے کے لیے مدعو کیا ہے۔نواز شریف صحت کی خرابی کے باعث علاج کی غرض سے گزشتہ تین سال سے زائد عرصے سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مقیم ہیں۔ گزشتہ سال ڈاکٹروں نے ان کو سعودی عرب جانے یا عمرہ نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی فرمانروا کا خصوصی طیارہ نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کو لینے لندن جائے گا۔

نواز شریف رمضان المبارک کا آخری عشرہ مکہ اور مدینہ میں گزاریں گے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو شاہی خاندان کے مہمان کی حیثیت سے دورہ سعودی عرب کی دعوت دی ہے اور نواز شریف آئندہ ہفتے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ تاہم ابھی تک ان کے دورہ سعودی عرب کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان سے سعودی عرب کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومتی شخصیات وزراء پر مشتمل وفد روانہ ہو گا۔

ذرائع کے مطابق کئی ارکان پارلیمنٹ اور وزرا نے بھی عمرے کے لیے سعودی عرب روانگی کا پلان بنایا ہے۔

واضح رہے کہ ہفتہ کو نیا دور ٹی وی کے پروگرام ’سٹنگ کمیٹی‘ میں سینئر صحافی مزمل سہروردی نے انکشاف کیا کہ نواز شریف سعودی عرب جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز بھی انہی دنوں سعودی عرب جائیں گی۔ وہاں ان کی اپنے والد سے ملاقات کا امکان ہے۔