کیا مقبول موبائل ایپلی کیشن ٹک ٹاک بند ہوجائے گی؟

کیا مقبول موبائل ایپلی کیشن ٹک ٹاک بند ہوجائے گی؟
مقبول ایپ ٹک ٹاک سے بلیک میلنگ اور ہراسگی کا عنصر پروان چڑھ رہا ہے، پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے، لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر، وفاقی حکومت سے پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں موبائل ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی بندش کے لیے درخواست دائر کردی گئی ہے، درخواست میں وفاقی حکومت، پی ٹی اے اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹک ٹاک نامی ایپ نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے، جس سے وقت اور پیسے کا ضیاع ہورہا ہے اور فحاشی بھی عام ہو رہی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پی ٹی اے کو ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے اور نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے وفاقی حکومت کو پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ بنانے کا حکم دے۔

درخواست ایڈووکیٹ ندیم سرور کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

پاکستان میں گذشتہ ایک برس کے دوران ٹک ٹاک کے صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔