ایران نے متحدہ عرب امارات کو دھمکی دی ہے کہ امریکی حملے کی صورت میں دبئی کو نشانہ بنا یا جا ئیگا ۔لندن میں قائم نیوز ویب سائٹ مڈل ایسٹ آئی کے مطابق ایران نے ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید النہیان سے براہ راست رابطہ کر کے واضح کیا کہ اگر امارات کی سرزمین استعمال کر تے ہو ئے امریکا نے حملہ کیا تو اس کا خمیازہ یو اے ای کو بھگتنا پڑے گا۔
ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ولی عہد کو ایران نے پراکسیوں کے ذریعے نہیں بلکہ براہ راست دھمکی دی۔ ذرائع کے مطابق ایران نے ولی عہد محمد بن زاید سے رابطہ اتوار کو متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایرانی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر فخری ذادہ کے قتل کی مذمت سے چند گھنٹے قبل کیا، جس میں ایران نے محمد بن زاید سے کہا کہ وہ یو اے ای کو ڈاکٹر فخری ذادہ کے قتل کا ذمہ دار بھی ٹھہرائیں گے ۔ یو اے ای کے لندن سفارت خانے سے رابطے بارے رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہ کیا۔ علاوہ ازیں اسرائیلی سکیورٹی حکام کو خدشہ ہے کہ امارات میں اس کے شہری انتقامی کارروائی کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ اسرائیلی نیوز چینل کے مطابق یو اے ای میں مقیم اسرائیلیوں کی سکیورٹی بڑھانے کیلئے اسرائیلی اور امارات کے سکیورٹی حکام نے مل کر کام شروع کر دیا ہے ۔