چیف الیکشن کمشنر نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو ضلع بدر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
الیکشن کمشن کی جانب سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کو احکامات پر عملدرآمد کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری براہ راست حکم میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور اپنے بھائی کے لئے سٹی میئر کے الیکشن کی مہم چلا رہے تھے، انہیں ضلع بدر کیا جائے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی کی گرفتاری کا نوٹس جاری کر دیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے ایم این اے محمد یعقوب شیخ پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
گذشتہ روز چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ڈیرہ اسماعیل خان بلدیاتی انتخابات میں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پورکے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر سماعت ہوئی تھی۔
علی امین گنڈا پور کے وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ان کے موکل کو کورونا ہے، وہ اس لئے حاضر نہیں ہوسکے۔ اس پر سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے اس کے بعد بھی خلاف ورزی کی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ بار بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ علی امین گنڈا پور پر اثر نہیں ہو رہا، نہ ادارے کی عزت کر رہے ہیں، آپ اپنے کلائنٹ کو کہیں کہ وہ کورونا میں الیکشن مہم نہ چلائیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا۔