'9 مئی کی سازش کے سرغنہ عمران نہیں، فوج کے اندر موجود تھے'

'9 مئی کی سازش کے سرغنہ عمران نہیں، فوج کے اندر موجود تھے'
9 مئی کی سازش کے سرغنہ عمران خان نہیں بلکہ فوج کے اندر موجود تھے۔ اب تک ان میں سے کسی کو بھی نہیں پکڑا گیا اور نہ ہی کسی کا کورٹ مارشل ہوا ہے۔ یہ کہنا ہے رضا رومی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے اعزاز سید نے کہا آج سیاسی قوتیں جو کمزور ہوئی ہیں اس کا ذمہ دار صرف ایک شخص عمران خان ہے۔ جو ایک جانب فوج کو گالیاں دیتا ہے اور پھر کہتا ہے مذاکرات صرف آرمی چیف سے ہو سکتے ہیں۔ فوج کے اندر جن لوگوں نے عمران خان کو تیار کیا تھا وہ بھی مجرم ہیں، ان کو سزا کیوں نہیں دے رہے؟

مزمل سہروردی نے کہا کہ عمران خان نے سوچ سمجھ کر 9 مئی کو حملہ کروایا جو ناکام ہو گیا۔ سری لنکا کی طرح 10 لاکھ لوگ نکل آتے تو خمینی والا انقلاب آ چکا ہوتا لیکن لوگ ان کی گرفتاری پر نہیں نکلے۔ عمران خان کی جماعت سیاسی جماعت نہیں ہے عسکری جماعت ہے۔

سلمان عابد نے کہا 9 مئی کے واقعات میں جو بھی ملوث ہیں سب کو سزائیں ملنی چاہئیں، جو لوگ پریس کانفرنسز کر رہے ہیں انہیں بھی سزا ملنی چاہئیے۔ پروجیکٹ عمران خان جو لانچ کیا گیا تھا وہ تجربہ غلط تھا۔ ہر قسم کی مداخلت پاکستانی سیاست سے ختم ہونی چاہئیے۔

تنزیلہ مظہر کا کہنا تھا الطاف حسین کو زبانی بیان دینے پر ہی اس سے بڑی سزا دی گئی تھی مگر عمران خان کو ابھی بھی رعایت مل رہی ہے اور وہ تقریریں کر رہے ہیں۔

'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔