Get Alerts

'یہ جو نامعلوم ہیں، ہم سب کو معلوم ہیں': پی ٹی آئی کارکنان کا پشاور کور کمانڈر ہاؤس کے باہر احتجاج

'یہ جو نامعلوم ہیں، ہم سب کو معلوم ہیں': پی ٹی آئی کارکنان کا پشاور کور کمانڈر ہاؤس کے باہر احتجاج
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں عمران خان پر قاتلانہ کے حملے کے خلاف احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکن جمعرات کی شام کور کمانڈر کے دفتر کے سامنے پہنچ گئے اور وہاں کئی منٹ تک نعرہ بازی کرتے رہے۔

ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی جب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر وزیر آباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی اطلاع پہنچی تو شہر بھر میں پی ٹی آئی کے کارکن ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج اور نعرہ بازی کا سلسلہ شروع کر دیا۔

پشاور کے گنجان آباد علاقے گل بہار سے مظاہرین ٹولیوں کی شکل میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف روانہ ہوئے اور چند ہی منٹ کے بعد یہ قافلہ ایک جلوس کی شکل میں تبدیل ہوا۔

جلوس میں موجود پشاور کے نوجوان صحافی ملک اسمٰعیل نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور ایم پی اے حاجی فضل الٰہی احتجاج کی قیادت کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران کوئی تین سو کے قریب پی ٹی آئی کے کارکن وزیر اعلیٰ ہاؤس جاتے ہوئے کچھ وقت کے لئے کور ہیڈ کوارٹرز کے سامنے رک گئے اور وہاں شدت نعرہ بازی کی گئی۔ اس موقع پر مظاہرین 'یہ جو نامعلوم ہیں، ہم سب کو معلوم ہیں' کے نعرے لگاتے رہے اور پولیس کی بکتر بند گاڑی پر اپنا غصہ نکالتے رہے۔

کور کمانڈر کے دفتر کے سامنے پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ پولیس اہلکار مظاہرین کو پرامن رہنے کے اشارے کرتے رہے۔

مصنف پشاور کے سینیئر صحافی ہیں۔ وہ افغانستان، کالعدم تنظیموں، ضم شدہ اضلاع اور خیبر پختونخوا کے ایشوز پر لکھتے اور رپورٹ کرتے ہیں۔