ڈرامہ شائقین کو ویب سیریز مسز اینڈ مسٹر شمیم کا بے صبری سے انتظار

ڈرامہ شائقین کو ویب سیریز مسز اینڈ مسٹر شمیم کا بے صبری سے انتظار
وہ آیا اور آتے ہی چھا گیا۔ یہ جملہ فِٹ آتا ہے نعمان اعجاز اور صبا قمر کی ویب سیریز مسز اینڈ مسٹر شمیم کے ٹریلر پر۔ یہ ٹریلر 2 مارچ کو ریلیز ہوا اور اب ہر جانب اس کے چرچے ہیں۔ اس ٹریلر نے مسز اینڈ مسٹر شمیم کا انتظار مزید بڑھا دیا ہے۔

یہ ویب  سیریز 11 مارچ کو انڈین سٹریمنگ پلیٹ فارم ''زی 5'' پر ریلیز کی جائے گی۔ اس کی 20 اقساط ہیں۔ اس کے ڈائریکٹر ہیں دا ون اینڈ اونلی کاشف نثار اور رائٹر ہیں سجی گل۔ رہی بات مسز اینڈ مسٹر شمیم کی کہانی کی تو یہ بظاہر ایک  Mismatched Coupleکی کہانی ہے۔



اس ویب سیریز میں نعمان اعجاز اور صبا قمر میاں بیوی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ نعمان اعجاز ہیں شمیم اور صبا قمر عمینہ یعنی عُمی۔ مگر شمیم ایک ایسا لڑ کا ہے جس کا جسم تو مرد کا ہے پر روح عورت کی۔ ٹریلر کا سٹارٹ بھی کچھ ایسا ہے۔

اس میں  ہوسٹل وارڈن نے اعتراض کیا کہ عُمی کو لینے لڑکا ہوسٹل کیوں آیا؟ اس پر عُمی نے کہا کہ یہ بھلا کہاں سے لڑکا لگتا ہے۔ نعمان اعجاز کی اداکاری نے کردار میں جان ڈال دی ہے۔ مگر ابھی تو صرف ٹریلر ہے۔ آگے آگے دیکھیئے ہوتا ہے کیا۔

خیر دونوں محبت کی یہ داستان شروع ہوتی ہے لگاؤ سے، تعلق اور دوستی سے۔ اور وہ ایسے کہ عُمی کو پیار ہوتا ہے ایک مردانہ وجاہت سے بھرپور مرد سے۔ مگر وہ عُمی پر تشدد کرتا ہے اور اسے چھوڑ جاتا ہے مگرحاملہ کرکے۔



یہ بات جیسے ہی عُمی کے ماں باپ کو پتا چلتی ہے، وہ اسے گھر سے نکال باہر کرتے ہیں۔ اس کڑے اور برے وقت میں شمیم، عُمی کو ریسکیو کرتا ہے۔ ٹریلر میں شمیم کا ایک ڈائیلاگ ایسا بھی ہے جس سے ناصرف عُمی اس کی طرف مائل ہوئی بلکہ دیکھنے والے بھی سوچنے پر مجبور ہوگئے۔ اور وہ ڈائیلاگ ہے کہ کیا عورت کو ایسا مرد چاہیے ہوتا ہے جو مارے پیٹے؟

بس پھر کیا تھا عُمی اور شمیم ایک ہو جاتے ہیں۔ شمیم، عُمی کو کہتا ہے کہ ہماری شادی صرف ایک میرج سرٹیفیکیٹ ہوگی اور اس کے سوا کچھ نہیں۔ اور یہ سرٹیفیکیٹ دنیا کو دکھانے کے لیے ہوگا۔ رہی بات اس بچے کی تو اسے میں اپنا نام دوں گا۔



جب شادی ہوتی ہے تو اصل محبت کیا ہوتی ہے، عُمی کو شمیم کرکے دکھاتا اور سکھاتا ہے۔ عُمی کہتی ہے کہ اس نے تو صرف محبت کی ہے اور شمیم، اس نے تو محبت جی ہے۔ مگر شمیم بچے کو نام تو دے دیتا ہے مگر بچہ اسے Sissy  یعنی زنخا یا عورتوں جیسا کہہ دیتا ہے۔

اس پر شمیم ایکسرسائز کرتا اور خود کو بدلنے کی کوشش کرتا ہے، مگر عُمی اسے کہتی ہے تمہیں کوئی ضرورت نہیں خود کو چینج کرنے کی۔ عُمی، شمیم کا مذاق اڑانے والے لوگوں کو کہتی ہے کہ تم مرد شمیم کی جوتی کے برابر بھی نہیں ہو۔



یہ تو تھا اس ٹریلر کا ٹریلر۔ اب دیکھتے ہیں کہ 11 مارچ کو مسز اینڈ مسٹر شمیم کس روپ میں سامنے آتی ہے؟