بابراعظم ایک بار پھر ٹی ٹونٹی کے نمبر ون بلے باز بن گئے

بابراعظم ایک بار پھر ٹی ٹونٹی کے نمبر ون بلے باز بن گئے
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے ۔ بابراعظم اس سے قبل جنوری 2018ء میں سرفہرست رہے تھے ، بابراعظم نے اب تک ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی 4 اننگز میں 66 کی اوسط اور 124.52 کے سٹرائیک ریٹ سے 198 رنز بنائے ہیں۔

بابراعظم نے نئی رینکنگ میں 14 پوائنٹس حاصل کیے جب کہ پہلی پوزیشن پر موجود برطانوی بلے باز ڈیوڈ مالان 831 پوائنٹس سے 798 پر پہنچ گئے۔
انگلینڈ کے جوز بٹلر نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اب تک 214 رنز سکور کرکے 8 درجے ترقی کے بعد 9 ویں پوزیشن سنبھال لی ہے، ایرون فنچ (733 پوائنٹس) 3 درجے ترقی کرکے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔بلے بازوں کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کے وکٹ کیپر محمد رضوان 731 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور بھارتی کپتان کوہلی 714 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

جیسن روئے 5 درجے ترقی پاکر 14ویں، ڈیوڈ ملر چھ درجے ترقی کرکے 33 ویں اور جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما 35 درجے ترقی کرکے 52 ویں نمبر پر پہنچے ہیں۔

بائولرز کی فہرست میں سری لنکا کےوانندو ہسرنگا نے جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ سری لنکا کے لیے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اب تک 7 میچوں میں 14 وکٹیں لینے والے ہسارنگا جنوبی افریقہ کے خلاف ہیٹ ٹرک بھی کرچکے ہیں، انہوں نے صرف 5.26 کے اکانومی ریٹ سے یہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے اینریچ نورٹجے 18 درجے ترقی کر کے 7ویں نمبر پر پہنچے ہیں، ڈیوائن پریٹوریس 65 ​​درجے ترقی کر کے 34ویں نمبر اور بنگلہ دیش کے شوریف اسلام 77 درجے ترقی کر کے 38ویں نمبر پر آئے ہیں۔ انگلینڈ کے لیے لیام لیونگسٹون نے بائولرز کی فہرست میں 57 درجے ترقی پائی ہے، نمیبیا کے ڈیوڈ ویز 22 درجے ترقی کے بعد 18 ویں نمبر پر موجود ہیں۔