’دنیائے کرکٹ پر بابر اعظم کا راج ‘ ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ون بلے باز بن گئے

’دنیائے کرکٹ پر بابر اعظم کا راج ‘ ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ون بلے باز بن گئے
پاکستان جنوبی افریقہ سیریز کے آخری میچ میں 94 رنز بنانے کے بعد بابر اعظم دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے پاس تھا۔

بابر اعظم کے نمبر ون بیٹسمین بننے کا باضابطہ اعلان سیریز کے اختتام پر کیا جائے گا تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں بابر اعظم کو نمبر ون بیٹسمین بننے کے لئے 70 رنز درکار تھے تاہم انہوں نے 94 رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کر لیا ہے۔



معروف سٹیٹ گرو مظہر ارشد کے مطابق بابر اعظم 2 اپریل کو جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری سکور کر کے ہی نمبر ون بیٹسمین بن گئے تھے تاہم دوسری میچ میں جلدی آؤٹ ہونے کی وجہ سے الگورتھم میتھڈ کی بنیاد پر انہیں تیسرے میچ میں 70 رنز درکار تھے اب تیسرے میچ میں 94 رنز کی شاندار اننگز کے بعد وہ اب دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بلے باز بن گئے ہیں۔



بھارتی کپتان ویرات کوہلی اکتوبر 2017 میں نمبر ون بلے باز بنے تھے۔ انہوں نے یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلئرز سے چھینا تھا۔ تاہم 4 سال بعد یہ اعزاز پاکستان کے کپتان بابر اعظم اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

یاد رہے کہ بابر اعظم نے حالیہ سیریز میں 1 سنچری اور ایک ففٹی کر کے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔