پاکستانی اداکارہ و ماڈل صوفیہ مرزا نے اپنے سابق شوہر عمر فاروق ظہور پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کا اعتراف کر لیا ہے۔
قانونی کاغذات میں کئے گئے اعتراف جرم میں صوفیہ مرزا کا کہنا تھا کہ میں نے دبئی میں اپنے سابق شوہر عمر فاروق ظہور کے اپارٹمنٹ سے لاکھوں درہم مالیت کی گھڑیاں، قیمتی زیورات اور تقریباً پانچ لاکھ درہم چوری کرنے کی سازش کی تھی۔
اداکارہ صوفیہ مرزا نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جب مجھے اپنا منصوبہ ناکام ہوتا نظر آیا تو میں نے اپنے سابق شوہر عمر فاروق ظہور پر چاقو سے حملہ کر دیا اور اسے گھریلو ناچاقی اور مسائل کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
صوفیہ مرزا نے تصدیق کی کہ میں نے سابق شوہر کے سامنے حقیقت آنے پر ان پر چاقو سے حملہ کیا۔ اداکارہ نے عمر فاروق ظہور پر 12 انچ کے چاقو سے حملہ کیا، انہوں نے عمر فاروق کے دل میں چاقو گھونپنے کی کوشش کی لیکن عمر نے اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چاقو پکڑ لیا جس کی وجہ سے ان کا انگوٹھا اور ایک انگلی کٹ گئی۔
ماڈل واداکارہ نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ یہ ساری سازش میں نے اپنی گھریلو ملازمہ اور ایک پاکستانی نژاد دوست کی مدد سے سرانجام دینے کی کوشش کی تھی۔
قانونی کاغذات میں کہا گیا ہے کہ صوفیہ مرزا نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے متحدہ عرب امارات کے دبئی میں اپنے شوہر عمر فاروق ظہور کے اپارٹمنٹ سے قیمتی اشیا اور پیسے چوری کرنے کی سازش کی۔ اس سازش میں میری ملازمہ رضیہ اور ایک قریبی دوست نسرین شامل تھیں۔
اداکارہ کے ابتدائی منصوبے کے مطابق انہیں 25 جولائی 2006 کو عمر ظہور کے لاکر سے نقدی اور زیورات چوری کرکے ملازمہ کے حوالے کرنا تھا۔
صوفیہ نے ملازمہ کو کہا تھا کہ سامان ایک بیگ میں لے جائے اور خاموشی سے گیراج سے ہوتی ہوئی نکل جائے تاکہ کسی کو شک نہ ہو،گھر کے باہر اداکارہ کی دوست نسرین سفید رنگ کی گاڑی میں ایک اور شخص کے ساتھ اس کا انتظار کر رہی ہوتی۔
صوفیہ نے قانونی کاغذات میں انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ڈکیتی کے منصوبے پر ڈاکٹر اسد سے بات کی جو اس وقت ابوظبی کے ایک معروف اسپتال میں کام کر رہے تھے۔ ڈاکٹر اسد نے فوری طور پر عمر فاروق ظہور کو ڈکیتی اور حملے کے منصوبے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اگر اس نے اپنے فلیٹ میں ڈکیتی کی مزاحمت کی تو حملہ آور اسے بھی قتل کر سکتے ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق اداکارہ نے اعتراف کیا کہ بدقسمتی سے، منصوبے کا بھانڈا میرے شوہر کے سامنے ڈاکٹر اسد نے پھوڑا، میرا ارادہ مال لینے اور اپنے شوہر کو سبق سکھانے کا تھا کیونکہ انہوں نے میرے مانگنے پر مجھے پیسے نہیں دیے تھے۔
صوفیہ نے ڈکیتی کی واردات کا پلان بنایا کہ پاکستان سے ایک گینگ آئے گا اور شوہر کے فلیٹ میں ڈکیتی کرکے واپس پاکستان چلا جائے گا۔ ان کے مطابق منصوبہ یہ تھا کہ ہم گینگ کو پاکستان سے بلائیں گے اور گھر بھیجیں گے، وہ میری چابیاں استعمال کرتے ہوئے گھر میں داخل ہو کر اس وقت سیف سے سب کچھ چوری کریں گے جب میں اور میرے شوہر دونوں باہر ہوں گے۔
اداکارہ کا ارادہ تھا کہ وہ بھی تمام سامان کے ساتھ بھاگ جائے لیکن بعد ازاں انہیں احساس ہوا کہ سب کا شک اسی پر جائے گا لہٰذا انہیں منصوبہ تبدیل کرنا پڑا۔