ایمنسٹی انٹرنیشنل کا گوادر میں انٹرنیٹ بحالی، دفعہ 144 ہٹانے کا مطالبہ

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا گوادر میں انٹرنیٹ بحالی، دفعہ 144 ہٹانے کا مطالبہ
ایمنسٹی انٹرنیشنل ساؤتھ ایشیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں گوادر میں عوامی احتجاج کو حکومت کی جانب سے طاقت سے زیر کرنے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاگیا کہ گوادر میں انٹرنیٹ کی بندش اور "ہنگامی قانون کے نفاذ" کو فوری طور پر روکا جائے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل ساؤتھ ایشیا نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا، "اس طرح کی رکاوٹیں نہ تو ضروری ہیں اور نہ ہی مناسب، یہ پابندیاں گوادر کے لوگوں کے رابطے، معلومات تک رسائی، حفاظتی رسائی اور کام کرنے کی صلاحیت میں خلل پیدا کرتی ہیں۔"

بیان میں مزید کہا گیا کہ گوادر میں دفعہ 144 کا نفاذ "انسانی حقوق کی مزید خلاف ورزیوں کا بہانہ نہیں بننا چاہیے- خاص طور پر اگر اس کا مقصد لوگوں کو پرامن احتجاج کرنے سے روکنا ہو۔"

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا  کہ انٹرنیٹ پر پابندی اور ہنگامی قانون دونوں لوگوں کی بنیادی آزادیوں بشمول آزادی اظہار، پرامن اجتماع، ذاتی تحفظ کا حق اور من مانی حراست سے آزادی کے خلاف مزید کریک ڈاؤن کے لیے ایک سپرنگ بورڈ کا کام کریں گے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل ساؤتھ ایشیا نے بلوچستان کے حکام پر زور دیا کہ وہ "فوری طور پر انٹرنیٹ سروسز بحال کریں اور عوامی اجتماعات پر سے پابندی ہٹائیں"۔

https://twitter.com/amnestysasia/status/1610200515064782851?s=20&t=bFM56b-z673siXQ_aaUwcA