Get Alerts

ہمارا معیشت کو ڈیفالٹ سے بچانا کچھ عناصر کو ہضم نہیں ہو رہا: اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ معیشت کی بہتری کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں، کارپوریٹ قانون میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے اور حکومت نے کارپوریٹ لا اتھارٹی کو خود مختار ادارہ بنایا ہے،آنیوالے دنوں میں چیلنجز کا بہتر طور پر مقابلہ کریں گے، وزیر خارجہ کا تقریب سے خطاب

ہمارا معیشت کو ڈیفالٹ سے بچانا کچھ عناصر کو ہضم نہیں ہو رہا: اسحاق ڈار

وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں چیلنجز کا بہتر طور پر مقابلہ کریں گے، معیشت کی بہتری کے لیے نوجوان اپنی صلاحتیں بروئے کار لائیں، ہمارا معیشت کو ڈیفالٹ سے بچانا کچھ عناصر کو ہضم نہیں ہو رہا۔

اسلام آباد میں مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے ہیڈ آفس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ آنے والے دور میں چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کریں گے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ معیشت کی بہتری کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں، کارپوریٹ قانون میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے اور حکومت نے کارپوریٹ لا اتھارٹی کو خود مختار ادارہ بنایا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسابقتی کمیشن صارفین کے حقوق کا ذمہ دار ادارہ ہے اور ملک کو آگے لے کر جانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ تاجر برادری سوچ رہی تھی اپنا کاروبار ختم کرکے بیرون ملکوں میں چلے جائیں، تمام سٹاک مارکیٹوں کے انضمام کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج آج بلندیوں کو چھورہی ہے، 2013 سے 17 کےد رمیان ملک معاشی طور پر مستحکم ہو چکا تھا، پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، بیرونی قرضوں سے نجات ضروری ہے، ہمیں مستقبل میں مضبوط معیشت کی ضرورت ہے ، وقت کا تقاضا ہے ہم معاشی خود انحصاری کی جانب بڑھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف معاشی استحکام کے لیے دن رات کوشاں ہیں، پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس لائے ہیں، ہم نے معیشت کو بچایا جو بعض عناصر کو ہضم نہیں ہو رہا، بعض عناصر پاکستان کو ڈیفالٹ دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان میں 27سال بعد ایس سی او جیساایونٹ منعقد کرایا گیا، پاکستان اب کبھی سفارتی تنہائی کا شکار نہیں ہو گا۔

اسحاق ڈار نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض کیسز پر حکم امتناع لے لیا جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ منطقی انجام تک نہیں پہنچتے۔اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہماری معیشت استحکام کیجانب گامزن ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں وسیع مواقع موجود ہیں، جدید ٹیکنالوجی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی پالیسیاں تشکیل دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ مسابقتی کمیشن کا معیشت میں اہم کردار ہے، مسابقتی کمیشن کی استعداد کار میں اضافہ کیا جارہا ہے، صارف کا تحفظ بہت ضروری ہے۔