Get Alerts

خیبرپختونخوا: خواجہ سراؤں کے لیے صحت انصاف کارڈ کا اجراء

خیبرپختونخوا: خواجہ سراؤں کے لیے صحت انصاف کارڈ کا اجراء
پشاور : پشاور پریس کلب میں خواجہ سراؤں کے صحت انصاف کارڈ کے اجرا کے لیے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اس پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض تنولی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر صحت انصاف کارڈ پروگرام کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت خواجہ سراؤں  کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے پُر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواجہ سرا کو صحت کے حصول کے لیے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم محکمہ صحت کی جانب سے انصاف صحت کارڈ کے اجرا کے بعد ان کی یہ محرومی ختم ہوجائے گی۔

تقریب کے دوران ٹرانز ایکشن الائنس اور بلیو وینز کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب کے منتظم کا کہنا تھا کہ نئے منصوبے کے مطابق ان صحت کارڈ کی مدد سے خواجہ سرا ایچ آئی وی ایڈز اور کینسر جیسی مہلک بیماریوں کے لیے ٹیسٹ اور علاج کرواسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ صحت انصاف کارڈ کی مدد سے ایک گھرانے کو 4 لاکھ روپے کی سہولت فراہم کرے گا جس میں وہ امراض قلب، ذیباطس، ایمرجنسی، سر اور ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر اور جوڑوں کی تبدیلی کے لیے سرجری کے اخراجات میں استعمال کر سکتے ہیں۔