عورت مارچ پر ماروی سرمد سے بدتمیزی: معاملے پر میرے خلاف ماہرہ خان کا ٹویٹ نا مناسب اور چونکا دینے والا تھا، خلیل الرحمٰن قمر

عورت مارچ پر ماروی سرمد سے بدتمیزی: معاملے پر میرے خلاف ماہرہ خان کا ٹویٹ نا مناسب اور چونکا دینے والا تھا، خلیل الرحمٰن قمر
ڈرامہ نگار و لکھاری خلیل الرحمٰن قمر نے اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے اپنے خلاف مئی 2020 میں کی جانے والی ٹوئٹ کو ’نامناسب و چونکا دینے‘ والی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر ہوتا کہ اداکارہ اپنے رد عمل کا اظہار ان سے فون پر کرتیں۔

ماہرہ خان کی مذکورہ ٹوئٹ پر ایک سال بعد اب خلیل الرحمٰن قمر نے رد عمل دیتے ہوئے اداکارہ کی ٹوئٹ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

خلیل الرحمٰن قمر حال ہی میں اے آر وائے کے پروگرام جس کے میزبان مبینہ طور پر انکے ہی دوست اور شوبز لکھاری واسع چوہدری ہیں،  میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ماہرہ خان کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ سمیت اپنے حوالے سے پھیلی ہوئی دوسری متنازع باتوں پر بھی کھل کر بات کی۔

خلیل الرحمٰن قمر نے ایک بار پھر دہرایا کہ  وہ غلط باتیں نہیں کرتے مگر ان کی باتوں کا مطلب غلط لیا جاتا ہے اور جب وہ سمجھتے ہیں تو ان کی سخت لہجے کی وجہ سے انہیں مزید غلط سمجھا جاتا ہے۔

ڈراما و فلم نگار کے مطابق وہ عورتوں کے حقوق کے بڑے علمبردار ہیں اور ان کے قریب رہنے والے افراد انہیں ٹھیک طرح سے جانتے ہیں اور ان کے حوالے سے یہ خیال غلط ہے کہ عورتیں ان سے ڈرتی ہیں۔

ماہرہ خان نے مارچ 2020 میں خلیل الرحمٰن قمر کی جانب سے سماجی رہنما ماروی سرمد کے لیے ٹی وی کے پروگرام پر نامناسب زبان استعمال کیے جانے پر ٹوئٹ کی تھی۔

خلیل الرحمٰن قمر نے عورت مارچ کے حوالے سے ہونے والے ایک ٹی وی پروگرام میں ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی تھی، جس پر شوبز شخصیات نے ڈراما نگار پر کڑی تنقید کی تھی۔

خلیل الرحمٰن قمر پر تنقید کرنے والی شوبز شخصیات میں ماہرہ خان بھی شامل تھیں، جنہوں نے 4 مارچ 2020 کو ڈراما نگار کے خلاف ٹوئٹ کی تھی۔