Get Alerts

اسپیکر رولنگ از خود نوٹس: سپریم کورٹ میں رپورٹرز کے داخلے پر پابندی عائد

اسپیکر رولنگ از خود نوٹس: سپریم کورٹ میں رپورٹرز کے داخلے پر پابندی عائد
اسلام آباد: موجودہ سیاسی صورتحال پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ میں رپورٹرز کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔

صحافیوں کا کہنا ہےکہ سماعت کی کوریج کے لیے آنے پر عدالت کی پارکنگ کے مین گیٹ سے سپریم کورٹ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہےکہ پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے ممبرز کے سوا کسی کو عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

ادھر سپریم کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے قومی اسمبلی می پیش کرہ تحریک عدم اعتماد کو آئین و قانون کے منافی قرار دے کر مسترد کرنے کی رولنگ پر سماعت شروع ہوگئی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا 5 رکنی لارجر بینچ اس معاملے پر لیے گئے از خود نوٹس اور متعدد فریقین کی درخواستوں پر سماعت کررہا ہے۔

یاد رہے کہ 3 اپریل کو ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں فواد چوہدری نے اپوزیشن کی پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کو بیرونِ ملک سے پاکستان میں حکومت تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔

فواد چوہدری کے اعتراض کو جائز قرار دیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت تحریک عدم اعتماد کو آئین و قانون کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا جس کے بعد ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔