اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی سکیموں میں بے ضابطگیوں کے معاملے کی تحقیقات کے لئے سابق وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کو طلب کر لیا۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے سابق وزیر خزانہ کو 8 اپریل کے لئے طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہاشم جواں بخت نے اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے من پسند ٹھیکے داروں کو مارکیٹ ریٹ سے زیادہ پر ٹھیکے دیئے۔ رحیم یار خان اور میانوالی میں ٹھیکیداروں کو ادائیگی کے باوجود متعدد سکیمیں نا مکمل ہیں۔ ترقیاتی سکیموں میں ناقص میٹیریل کے استعمال کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مندرجہ بالا کے پیش نظر، آپ کو بیان ریکارڈ کرنے کے لیے 8 اپریل کو صبح 11:00 بجے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے بہاولپور آفس میں مشترکہ انکوائری ٹیم کے سامنے پیش ہونا ضروری ہے۔
اس کے علاوہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے ایم پی اے محمد عامر نواز خان، ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، سابق ایم پی اے آصف مجید، سابق ایم پی اے فواد احمد کو بھی کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی مد میں 8 اپریل کو صبح 11:00 بجے طلب کیا ہے۔
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔