Get Alerts

اینٹی کرپشن نے زرتاج گل اور عثمان بزدار کو طلب کر لیا

اینٹی کرپشن نے زرتاج گل اور عثمان بزدار کو طلب کر لیا
اینٹی کرپشن  کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق وزرا کے خلاف کارروائیاں جاری، سابق وفاقی وزیر زرتاج گل اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اینٹی کرپشن نے طلب کر لیا۔

اینٹی کرپشن کی جانب سے طلبی کے نوٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

نوٹس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کو ان کے حلقے کے ترقیاتی کاموں میں کمیشن لینے کے حوالے سے تحقیقات کیلئے طلب کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زرتاج گل اور ان کے خاوند ہمایوں اخوند ترقیاتی سکیموں کے فنڈز کی فراہمی پر 10 فیصد کمیشن لیتے تھے۔

اینٹی کرپشن نے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (3) سکیموں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

اینٹی کرپشن نے زرتاج گل، ہمایوں اخوند اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو 10 اپریل کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔



دوسری جانب تونسہ میں بارتھی سے کھرڑ بزدار تک 70 کروڑ روپے کی لاگت سے 50 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر میں کرپشن کےمعاملے میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو 10 اپریل کو طلب کر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ نے محکمہ ہائی وے کے افسران اور ٹھیکیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے کرپشن کی۔

تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال سے سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان احمد بزدار نے بھارتی کیلئے کروڑوں روپے کی ٹف ٹائل کی منظوری دی تھی۔ٹف ٹائل میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا تھا۔

عثمان بزدار کی ذاتی رہائش گاہ پر کروڑوں روپے کی لاگت سے سرکاری فنڈ سے کثیر مقصدی ہال تعمیر کیا گیا۔ سابق وزیراعلیٰ نے قبرستان کی چاردیواری کی تعمیر کیلئے چھ کروڑ کے ٹھیکے میں بھی کک بیکس وصول کی۔ عثمان بزدار نے اپنے فرنٹ مین اور قریبی رشتہ دار ڈاکٹر اعجاز لغاری کو ٹھیکوں کی مدد میں کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچایا۔



حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔