سینیٹ کے تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری

سندھ اور پنجاب سے سینیٹ کے 12، 12، بلوچستان سے 11 اور اسلام آباد سے 2 امیدوار کامیاب ہوئے۔ سینیٹ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی سب سے زیادہ نشستیں لینے میں کامیاب ہو ئی تھی۔پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ 11 اور مسلم لیگ ن نے 6 نشستیں اور ایم کیو ایم ایک نشست حاصل کر سکی جبکہ آزاد امیدوار فیصل واوڈا بھی کامیاب ہوگئے تھے۔

سینیٹ کے تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سینیٹ الیکشن میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔ 

الیکشن کمیشن نے 48 میں سے 37 نشستوں پر کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے جبکہ خیبر پختونخوا کی 11 نشستوں پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے تھے۔

سندھ اور پنجاب سے سینیٹ کے 12، 12، بلوچستان سے 11 اور اسلام آباد سے 2 امیدوار کامیاب ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے مسلم لیگ ن کے 9، مجلس وحدت المسلمین اور سنی اتحاد کونسل کا ایک ایک سینیٹر کامیاب ہوئے، پنجاب سے محسن نقوی آزاد حیثیت میں سینیٹر منتخب ہوئے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل نشستوں پر احد چیمہ، پرویز رشید، علامہ ناصر عباس، حامد خان، طلال چوہدری اور ناصر محمود، ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر محمد اور نگزیب مصدق ملک کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

اس کےعلاوہ خواتین کی نشستوں پر انوشہ رحمان اور بشریٰ بٹ جبکہ غیر مسلموں کی ایک نشست پر خلیل طاہر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

بلوچستان سے 11 سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے 3،3 ، جے یو آئی کے 2، این این پی اور این پی کا ایک ایک جبکہ ایک آزاد امیدوار انوارالحق کاکڑ کامیاب ہوئے۔

سندھ سے پیپلز پارٹی کے 10، ایم کیو ایم کا ایک اور ایک آزاد سینیٹر منتخب ہوا۔ ایم کیو ایم کے امیر علی الدین اور آزاد سینیٹر فیصل واوڈا کی کامیانی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا۔

پیپلزپارٹی کے مسرور احسن، دوست علی جیسر، اشرف جتوئی، کاظم علی سید اور ندیم احمد بھٹو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔ ٹیکنوکریٹ کی سیٹس پر پیپلزپارٹی کے سرمد علی اور ضمیر گھمرو کا نوٹفکیشن بھی جاری کیا گیا۔

خواتین کی نشستوں پر قرت العین مری اور روبینہ قائم خانی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جبکہ سندھ سے اقلیت نشست پر پیپلزپارٹی کے پونجو کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کی نشستوں پر کامیاب سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹیکفیشن بھی جاری کیے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رانا محمود الحسن جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار کامیاب قرار پائے۔

خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی سب سے زیادہ نشستیں لینے میں کامیاب ہو ئی تھی۔سینیٹ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ 11 اور مسلم لیگ ن نے 6 نشستیں اور ایم کیو ایم ایک نشست حاصل کر سکی جبکہ آزاد امیدوار فیصل واوڈا بھی کامیاب ہوگئے تھے۔سینیٹ کی 19خالی نشستوں پرووٹ ڈالے گئے تھے۔سندھ کی 12، پنجاب کی 5 اور اسلام آباد کی 2 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔