افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ کرنے والے داعش کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ تین ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے بدھ کے روز کابل میں آپریشن کیا اور اس دوران 7 دہشتگرد گرفتار کیے گئے جن میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ اسکے علاوہ صوبہ نمروز میں بھی آپریشن کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ داعش کے دہشتگرد پاکستانی سفارتخانے کے علاوہ اس ہوٹل پر بھی حملے میں ملوث تھے جہاں چینی شہری رہائش پذیر تھے۔
افغان حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ داعش نے مزید دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
واضح رہے کہ 2 دسمبر کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا تھا جبکہ پاکستان نے اسے ناظم الامور عبیدالرحمان نظامی کے خلاف قاتلانہ حملہ قرار دیا تھا۔
پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی ذمہ داری نے داعش نے قبول کی تھی۔