پنجاب حکومت نے لوکل باڈیز ایکٹ 2013 کی منسوخی کے بعد اختیارات کی منتقلی کے لیے نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات مختلف سرکاری افسروں کو سونپ دیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ذمہ داری فوری طور پر کمشنر لاہور ڈویژن کے حوالے کر دی ہے جب کہ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں میونسپل کارپوریشنز کے نگران متعلقہ ڈویژن کے کمشنرز ہوں گے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہر ضلعی کونسل کی سربراہی اس ضلع کے ڈپٹی کمشنر کریں گے جب کہ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اور گجرات کے نگران ان اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ہوں گے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق، میونسپل کارپوریشن مری کی ذمہ داری اسسٹنٹ کمشنر مری کو سونپی گئی ہے۔
ضلعی ہیڈکوارٹرز میں میونسپل کمیٹیوں کے نگران اب ان اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ہوں گے جب کہ میونسپل کمیٹیوں کی ذمہ داری متذکرہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر کے سپرد ہو گی۔
اضلاع کی یونین کونسلز کی ذمہ داری اس ضلع کے محکمہَ بلدیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر نبھائیں گے۔
نوٹیفیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ تمام ایڈمنسٹریٹرز اس وقت تک اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے تاوقتیکہ بلدیاتی حکومتوں کا ایکٹ 2019 لاگو نہیں ہو جاتا۔