Get Alerts

پنجاب کابینہ کی تمام محکموں میں پیپر لیس سسٹم کے نفاذ کی منظوری

پنجاب کابینہ کی تمام محکموں میں پیپر لیس سسٹم کے نفاذ کی منظوری
حکومت پنجاب کا ای گورننس کے لئے اہم اقدام، تمام محکموں میں فائل سسٹم بند کرکے ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 15 واں اجلاس ہوا جس میں تمام محکموں میں پیپر لیس سسٹم کے نفاذ کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب کابینہ نے محکموں میں فائل سسٹم بند کرنے اور پیپر لیس نظام کے نفاذ کی منظوری دے دی۔ محکموں کے لئے ای فائلنگ سسٹم اپنانے کے لئے 15مئی تک کی مدت نافذ العمل ہوگی۔ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے اربوں روپے کی بچت ہوگی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اے سی آرز کو بھی ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت کی۔

دوران اجلاس کابینہ ارکان نے محکموں میں پیپر لیس سسٹم متعارف کرانے پر چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری عملدرآمد اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو مبارکباد پیش کی۔ کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان اور کشمیر کے ذہین طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے پنجاب حکومت کے پاس موجود لیپ ٹاپس ہونہار طلبا و طالبات کو دینے کی منظوری دے دی۔

پنجاب کابینہ نے دریائے نیلم میں جیپ گرنے سے جاں بحق ہونے والے اچھرہ کے رہائشی نوجوانوں کے لواحقین کے لئے 15 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کی بھی منظوری دی۔ دوران اجلاس پنجاب پولیس (منسٹریل پوسٹس) رولز 2017 میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور این جی او"تارے زمین پر" ٹرسٹ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی مشروط منظوری دی گئی۔ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور مفاہمتی یادداشت کاجائزہ لے کر حتمی فیصلہ کرے گی۔

کابینہ اجلاس میں صوبائی کابینہ کے 11 ویں، 12ویں، 13 ویں اور 14 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے دوسرے اور تیسرے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔

دوران اجلاس کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری کے پہلے اور دوسرے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، کابینہ ارکان نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کے دوسرے، تیسرے اور چوتھے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔