سابق وفاقی وزیر میجر ریٹائرڈ نادر پرویز نے آف شور کمپنی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے دشمن بھارت کیساتھ تین جنگیں لڑیں، میں اس کیساتھ کاروبار کا سوچ بھی نہیں سکتا، مجھے جائیداد وراثت میں والد کی طرف سے ملی، الزام لگانے پر قانونی نوٹس بھیجوں گا۔
ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ آف شور کمپنی کو میرے ساتھ منسلک کرنے کی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں، میں نے تو آج تک کبھی بیرون ملک کاروبار ہی نہیں کیا۔ میں نے ہمیشہ انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن میں اپنے اثاثے ڈکلیئر کروائے جو مجھے والد کی جانب سے وراثت میں ملے تھے۔
میجر ریٹائرڈ نادر پرویز نے میڈیا پر غیر ذمہ داری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ غلط بیانی کرکے میری عزت کو اچھالنے کی کوشش کی گئی۔ میں نے تو وطن عزیز کے دفاع کی خاطر ازلی دشمن بھارت کیخلاف تین جنگیں لڑیں۔
ان کا کہنا تھا مجھے 1971ء میں جنگی قیدی بنایا گیا، وہاں سے سرنگ کھود کر پاکستان پہنچا، میں نے جس دشمن انڈیا کیساتھ تین جنگوں میں حصہ لیا، اس کیخلاف لڑائی کی، میں اس کے ساتھ کاروبار کیوں کروں گا؟
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عین ممکن ہے کہ میرا کوئی ہم نام ہو لیکن میڈیا ٹیلی وژن پر میری تصاویر چلائیں، بغیر کسی تصدیق کے مجھے بدنام کیا گیا۔ میں اپنے وکلا سے اس معاملے میں مشاورت کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد نے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی اور میری عزت کو اچھالا ان کیخلاف جلد قانونی چارہ جوئی کروں گا۔