حکومت کا زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ڈسکائونٹ دینے کا اعلان

حکومت کا زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ڈسکائونٹ دینے کا اعلان
وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جو صارفین بجلی کا زیادہ استعمال کرینگے، انھیں زبردست ڈسکائونٹ دیا جائے گا۔ ہر صارف کو زائد بجلی استعمال کرنے پر 7 روپے تک کا ریلیف دیا جائے گا۔

اس بات کا اعلان وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ  ایسے صارفین جو زیادہ بجلی استعمال کرینگے انھیں فی یونٹ 5 سے 7 روپے تک کا ڈسکاؤنٹ فراہم کرینگے۔ صارفین کو یہ ریلیف رواں سال نومبر سے فروری 2022ء تک کے عرصے میں دیا جائے گا۔

حماد اظہر نے بتایا کہ یہ سیزنل پیکج وفاقی کابینہ کی جانب سے منظور کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلیف حاصل کرنے والوں میں کمرشل اور رہائشی بجلی استعمال کرنے والے دونوں صارفین ہونگے۔



خیال رہے کہ فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ وزارت توانائی کی جانب نیپرا کو یہ تجویز بھیجی گئی تھی کہ موسم سرما میں گیس ہیٹرز کو بجلی پر منتقل ہونے والے صارفین کیلئے فی یونٹ میں 7 روپے تک کا ریلیف دیا جائے گا۔

انہوں نے ملک میں گیس کی قلت اور بجلی کی فراوانی کو گزشتہ حکومت کی مہربانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ موسم سرما میں گیس کا استعمال کم سے کم ہو۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستانی عوام کو بجلی کا بڑا جھٹکا دیتے ہوئے فی یونٹ قیمت میں 3 روپے کا اضافہ کر دیا ہے، حالیہ اضافے کے بعد شہریوں کو ایک یونٹ کے بدلے 18 روپے سے زائد ادا کرنا پڑیں گے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سہ ماہی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا ہے۔

نیپرا نوٹیکیشن کے مطابق یکم اکتوبر سے 1.65 روپے فی یونٹ سہ ماہی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ عائد کی گئی ہے جس سے بجلی کی فی یونٹ قیمت بڑھ کر اب 18.16 روپے فی یونٹ ہوگئی ہے جبکہ اس فیصلے سے عوام پر 90 ارب روہے کا بوجھ پڑے گا۔

نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق 300 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صارفین پر ہو گا، کے الیکٹرک صارفین اس سے مستشنیٰ رہینگے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں 80 فیصد صارفین ماہانہ 300 یا اس سے زائد یونٹس کا استعمال کرتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی اور دوسری سہ ماہی کے تحت فی یونٹ بجلی 89 پیسے، تیسری میں 67 اور چوتھی سہ ماہی کی مد میں 83 پیسے مہنگی کی گئی۔