وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و پاکستان کی قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف کو قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے 7 اگست 2020 کو آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ نئے قوانین سے مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے خط میں لکھا کی میری یہ خواہش ہے کہ مسئلہ کشمیر کی اس تاریخی اور مسلمہ حیثیت کو تبدیل کرنے کی اس بھارتی کوشش کے تناظر میں آپ (شہباز شریف) بانی پاکستان کی جماعت پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے 7 اگست 2020 کو آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب فرمائیں۔