ترین گروپ کے لیے لابنگ کرنے کا الزام، وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی عون چودھری مستعفی

ترین گروپ کے لیے لابنگ کرنے کا الزام، وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی عون چودھری مستعفی
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عون چودھری سے استعفیٰ طلب کیا گیا جس پر وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق عون چودھری کو وزیراعلیٰ ہاؤس طلب کیا گیا جہاں ان سے استعفیٰ لیا گیا۔ عون چودھری نے اپنا تحریری استعفیٰ پیش کر دیا۔ میڈیا ذرائع نے بتایا کہ عون چودھری ترین گروپ کے سرگرم رہنما ہیں۔

عون چودھری پر اراکین اسمبلی کو ترین گروپ میں لانے کے لیے لابنگ کرنے کا الزام بھی ہے۔ استعفے کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عون چودھری کا کہنا ہے کہ مجھے آج وزیراعلیٰ آفس بلوا کر ترین گروپ سے علیحدگی کا کہا گیا، جہانگیر ترین کے گروپ سے علیحدگی سے انکار پر مجھے استعفٰی دینے کا کہا گیا۔ جہانگیر ترین کی پارٹی کے لیے خدمات سب جانتے ہیں۔ میں نے کہا کہ میں استعفیٰ دیتا ہوں لیکن ترین گروپ کو نہیں چھوڑ سکتا ۔ انہوں نے پارٹی اور حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سیاسی خدمات کا یہ صلہ دیا گیا۔

خیال رہے کہ جہانگیر ترین اور عون چوہدری وزیراعظم عمران خان کے پرانے ساتھی تھے جو عمران خان کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف میں متحرک تھے۔ لیکن کچھ عرصہ سے عمران خان اور جہانگیر ترین میں دوریاں شدت اختیار کر گئیں بعد ازاں جہانگیر ترین نے حکومت کو دباؤ میں لانے کے لئے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا الگ دھڑا تشکیل دے دیا تھا۔