لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بدھ کو پنجاب کارڈیالوجی (پی آئی سی) جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں واپس جیل بھیجا جائے۔
جیو نیوز کے مطابق نواز شریف کو سروسز ہسپتال سے آج پی آئی سی منتقل کیا جانا تھا لیکن انہوں نے ایم ایس سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پی آئی سی نہیں جانا بلکہ واپس کوٹ لکھپت جیل جانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک تین میڈیکل بورڈز ان کا طبی معائنہ کر چکے ہیں، اور اب انہیں ایک نئے ہسپتال لے جانا چاہتے ہیں۔ ’ جیل واپس بھیجا جائے، یہ خانہ بدوشی مناسب نہیں، میں نے سامان باندھ لیا ہے واپس جیل لے جایا جائےـ‘
واضح رہے کہ اس سے قبل نواز شریف کو انجائنا کی شکایت ہوئی تھی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بھی ان کو دل کے عارضے کے باعث مسائل درپیش تھے لیکن انہیں پی آئی سی لے جانے کی بجائے سروسز ہسپتال لے جایا گیا تھا جبکہ سروسز ہسپتال میں امراضِ قلب کے لئے کوئی ادارہ موجود نہیں ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کو عزیزیہ سٹیل مل کیس میں سات سال جیل کی سزا سنائی تھی۔