'آرمی چیف نے اعلان کیا تھا کہ وہ میرا علاج کروائیں گے لیکن انہوں نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا'

'آرمی چیف نے اعلان کیا تھا کہ وہ میرا علاج کروائیں گے لیکن انہوں نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا'
میں پنجاب یونیورسٹی لاء کالج لاہور کی قانون کے آخری سال کی طالبہ سحرش گل ہوں۔ میں نایاب جینیاتی عارضے میں مبتلا ہوں۔ مجھے 2018 میں اپنے اور اپنے بھائی کے علاج کے لیے سپریم کورٹ جانا پڑا۔

سپریم کورٹ نے میرے حق میں حکم دیا اور مشینیں پاکستان لائی گئیں۔ سپریم کورٹ نے سروسز ہسپتال کے پرنسپل اور ایم ایس اور پی آئی سی کو میرا اور میرے بھائی کو جامع علاج فراہم کرنے کا حکم بھی دیا لیکن بدقسمتی سے انہوں نے میرے بھائی کا علاج نہیں کیا اور وہ چل بسا۔

آرمی چیف نے 92 نیوز پر اعلان بھی کیا تھا کہ وہ ہمارا علاج کریں گے لیکن انہوں نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا، انہوں نے ہمیں اے ایف آئی سی راولپنڈی میں داخل کرایا اور صرف ٹیسٹ کروائے اور اس کے بعد ہم وہاں 15 دن تک انجیکشن اور علاج کے لیے انتظار کرتے رہے لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا اور ایک رات میرے بھائی کو انجائنا کا شدید دورہ پڑا لیکن وہاں کوئی ڈاکٹر نہیں تھا جو اسے طبی امداد دے سکے۔ ہمیں طبی امداد کے لیے سرکاری ہسپتال پمز میں بھاگنا پڑا۔

مختصر یہ کہ آرمی چیف حکومت، سپریم کورٹ اپنا وعدہ پورا نہیں کر سکی اور میں اب بھی کچھ ادویات اور انجیکشن کے لیے کوشاں ہوں جو بہت مہنگے ہیں اور نہ تو پاکستان میں دستیاب ہیں اور نہ ہی DRAP میں رجسٹرڈ ہیں۔

لہٰذا سروسز ہسپتال سپریم کورٹ کی واضح ہدایت اور احکامات کے باوجود میرا جامع علاج نہیں کر رہا ہے۔ ہسپتال مہینے میں ایک بار میرا LDL Apheresis سیشن کر رہا ہے لیکن وہ مجھے انجیکشن نہیں دے رہے جو بہت مہنگے ہیں۔ میرے ادویات کے اخراجات ماہانہ 2 لاکھ ہیں۔

میں نے اپنی آواز بلند کرنے کے لیے ہر ممکن فورم استعمال کیا لیکن کچھ بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا۔

جب میں سٹیزن پورٹل پر ایم ایس یا اس کی انتظامیہ کے خلاف شکایت کرتی ہوں یا اعلیٰ حکام کو درخواست دیتی ہوں تو سروسز انتظامیہ کی طرف سے جواب دیا جاتا ہے کہ مریض کو ریلیف دیا گیا جو کہ سراسر غلط بیانی ہے۔ انہوں نے مجھے REPATHA کے انجیکشن فراہم نہیں کیے اور مجھے یہ Injections دبئی اور دوسرے ممالک سے خریدنا پڑتے ہیں۔

میں نے اپنے والد کی ساری پنشن اپنے انجیکشن پر خرچ کر لی ہے اور Cholestiramin Sachets بھی بہت مہنگے ہیں لیکن یہ پاکستان میں بلیک میں دستیاب ہیں لیکن DRAP میں رجسٹرڈ نہیں۔ اس لیے فارماسسٹ یہ sachet بہت زیادہ قیمت پر فروخت کرتے ہیں۔

میں جامع علاج نہیں کروا سکی جس کی وجہ سے میرے دل میں پیچیدگیاں پیدا ہو گئی ہیں۔

میرے دل کا aortic valve بند ہونے کے قریب ہے۔ میرا کیس اب سب سے پیچیدہ اور نازک کارڈیک سرجری کیس ہے۔ مزید یہ کہ مجھے دل کی دائیں کورونری شریان میں سٹینٹ ڈالنا پڑا۔ ہسپتال انتظامیہ کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے مجھے اپنی صحت کا ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

میری جان داؤ پر لگی ہوئی ہے، اس لیے میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ اس معاملے میں میری آواز اٹھانے میں میری مدد کریں۔ میں آپ کو تمام طبی دستاویزات اور تفصیلات فراہم کر سکتی ہوں جن کی ضرورت ہے۔