بولیویا میں ایک تشویش ناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں بیوی نے نیند میں دوسری عورت کے خواب دیکھنے پر سوتے ہوئے شوہر کے جسم پر گرم پانی ڈال دیا۔
بولیویا کی ایک خاتون کو حال ہی میں اپنے سوئے ہوئے شوہر کے جسم پر گرم پانی پھینکنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ وہ مبینہ طور پر خواب میں دوسری عورت سے اپنی محبت کا اظہار کر رہا تھا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر کی جانب سے نیند میں دوسری عورت سے اظہارِ محبت کرنے پر مجھے غصہ آیا، پھر میں کچن میں گئی اور ایک اُبلتے ہوئے پانی سے بھرا برتن شوہر کے جسم پر ڈال دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرم پانی گرنے کی وجہ سے متاثرہ شخص کے بازو، کمر اور جسم کے دیگر حصوں کو نقصان پہنچا ہے جس کے باعث اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ متاثرہ شخص نے بیوی کی جانب سے گرم پانی گرائے جانے کے بعد خود پولیس کو واقعے کی اطلاع دی یا اس کے چیخنے کی آواز سے پڑوسیوں تک خبر پہنچی، تاہم مقامی حکام نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔