تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف آرٹیکل 6 نہیں لگائیں گے تو وفاق کے خلاف آواز اٹھتی رہیگی۔ آئین کو جو پامال کرے اس کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔
تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے عمران خان کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ سپیکر راجا پرویز اشرف کے زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے نور عالم خان نے عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے تو وفاق کے خلاف آواز اٹھتی رہے گی۔
نور عالم خان کا کہنا تھا کہ آئین کو جو پامال کرے اس کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔ ایسی کسی بھی قرارداد میں کسی کا نام نہیں ڈالنا چاہیے، اگر کسی نے کوئی ایسی حرکت کی ہے تو اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی وزیر خزانہ ایوان میں نہیں ہیں۔ بجلی اور گیس روز مہنگی ہو رہی ہے۔ اگر آئی ایم ایف کا معاہدہ پچھلی حکومت نے کیا تھا تو یہاں پر لائیں۔ آٹے کا تھیلا 1600 روپے جبکہ پیٹرول 210 روپے کا ہو گیا ہے۔