سنٹرل ماڈل سکول کو سنٹر آف ایکسیلینس کے طور پر فنکشنل کرنے کا اصولی فیصلہ

سنٹرل ماڈل سکول کو سنٹر آف ایکسیلینس کے طور پر فنکشنل کرنے کا اصولی فیصلہ
حکومت پنجاب نے سنٹرل ماڈل سکول کو سنٹر آف ایکسیلینس کے طور پر فنکشنل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سکول کی تعمیر و مرمت اور بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم  دے دیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، وزیر تعلیم منصور قادر، سیکرٹریز سکول ایجوکیشن، تعمیرات ومواصلات، قانون، ریگولیشن، کمشنرلاہور ڈویژن، سی ای او ایجوکیشن، چیئرمین لاہور بورڈ نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ سنٹرل ماڈل سکول کو 15 اگست سے سنٹر آف ایکسیلینس کے طور پر فنکشنل کیا جائے گا۔ سنٹرآف ایکسیلینس کو سرکاری سطح پر مثالی تعلیمی ادارہ بنائیں گے۔

اجلاس میں ہر کلاس کے منتخب طلبہ کو 2 ہزار روپے ماہانہ سکالر شپ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ لاہور کے سرکاری سکولوں  میں  انٹری ٹیسٹ کے ذریعے2100 سے زائد ہونہار سٹوڈنٹس کا انتخاب کیا جائے گا۔

قابلیت کی بنیا د پر ہر کلاس سے ٹاپ فائیو طلبہ کو 10ہزار روپے ماہانہ سکالر شپ ملے گا۔ سنٹر آف ایکسیلینس کے  طالب علم کو روزانہ تین سو رروپے تک کنوینس الاؤنس دیا جائے گا۔

سنٹر آف ایکسیلینس کے طالب علم کو یونیفارم، شوز، کتابیں، سٹیشنری، نوٹ بکس اور سکول بیگ بھی فراہم کئے جائیں گے۔

طلبہ کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ کینٹین، جدید سہولیات سے آراستہ کچن، آئی ٹی اور سائنس لیب بھی بنائی  جائیں گی۔ 300 طلبہ کو ہاسٹل میں مفت قیام و طعام کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔

انٹری ٹیسٹ کا انعقاد 20 سے 25 جون تک ہو گا۔ جولائی کے آخر یا اگست کے پہلے ہفتے تک حتمی میرٹ لسٹ آویزاں کر دی جائے گی۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔