جیپ حادثہ، 7 نوجوانوں کی تلاش کے لیے ریسکیو کی خصوصی ٹیم دریائے نیلم پہنچ گئی

جیپ حادثہ، 7 نوجوانوں کی تلاش کے لیے ریسکیو کی خصوصی ٹیم دریائے نیلم پہنچ گئی
آزاد کشمیر میں وادی نیلم کے علاقے پھلاوئی میں چھ دن قبل سیاحوں کی جیپ دریا نیلم میں گرنے سے کئی افراد ڈوب گئے تھے جن میں سےلاہور کے 7 نوجوانوں کی تلاش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

ڈوبنے والے ان نوجوانوں کا تعلق لاہور کے علاقے اچھرہ سے بتایا گیا ہے۔

نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیم دریائے نیلم پہنچ گئی ہے۔ جائے حادثہ کے قریب کمانڈ پوسٹ قائم کر دی گئی۔

ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں کا نوسہری ڈیم میں لاپتہ نوجوانوں کی تلاش کے لیےسرچ آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو ٹیموں کی جانب سے دریا کے مغربی کنارے کے ساتھ موجود چلانہ چیک پوسٹ تک کے علاقے میں بھی تلاش جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اتوار کو سیاحوں کی جیپ حادثے کا شکار ہو گئی تھے جس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت 14 افراد سوار تھے۔

یونائیٹڈ ریسکیو کی ٹیم نے موقع پر ہی دریا سے گاڑی کو نکال لیا تھا لیکن بدقسمتی سے کوئی لاش نہیں مل سکی تھی۔

اس سے قبل سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے پروفیشنل ٹیمیں جائے وقوعہ پر بھیجی گئی تھیں اور فوجی جوانوں، مقامی پولیس اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

منگل کو ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے جاری بیان میں کہا تھا کہ جیپ میں سوار کل 14 افراد میں سے 5 زخمی اور 8 لاپتہ ہیں۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔