ٹیسلا اور سپیس ایکس کے مالک ایلون مسک آرٹی فیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) ٹیکنالوجی کو انسانیت کو لاحق سب سے بڑے خطرات میں سے ایک قرار دیتے ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی کی مقبولت کے بعد دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اے آئی ٹیکنالوجی کے شعبے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کی تھی۔
ٹیسلا سمیت متعدد کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے بھی جولائی 2023 میں ایک اے آئی کمپنی ایکس اے آئی ( xAI) قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اب اس کمپنی نے اپنی پہلی اے آئی پراڈکٹ گروک متعارف کرا دی ہے جو بنیادی طور پر ایک چیٹ بوٹ ہے۔
ایلون مسک نے ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) پر اس کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد یہ چیٹ بوٹ ایکس پریمیئم پلس صارفین کو دستیاب ہوگا۔
As soon as it’s out of early beta, xAI’s Grok system will be available to all X Premium+ subscribers
— Elon Musk (@elonmusk) November 4, 2023
ابھی اس چیٹ بوٹ کا بیٹا (beta) ورژن محدود افراد کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
ایلون مسک نے ایک اور ایکس پوسٹ میں بتایا کہ اس چیٹ بوٹ میں جواب دینے کے عمل میں مزاح کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ان کا دعویٰ تھا کہ یہ اس وقت دستیاب بہترین اے آئی چیٹ بوٹ ہے جسے ایکس پر دستیاب رئیل ٹائم تفصیلات تک رسائی حاصل ہے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک نے یہ کمپنی اوپن اے آئی کا مقابلہ کرنے کے لیے قائم کی تھی۔
ایلون مسک کافی عرصے سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) ٹیکنالوجی کو انسانیت کو لاحق سب سے بڑے خطرات میں سے ایک قرار دیتے آرہے ہیں۔
ایلون مسک کی جانب سے اے آئی ماڈلز جیسے چیٹ جی پی ٹی 4 (اوپن اے آئی کے چیٹ بوٹ کا نیا ورژن) پر خدشات ظاہر کیے گئے ہیں جو ان کے بقول گمراہ کن تفصیلات کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتے ہیں۔
اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کو تیار کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایلون مسک چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی کے شریک بانی ہیں۔
البتہ ایلون مسک نے 2018 میں اس کمپنی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ اس علیحدگی کی وجہ کمپنی کی انتظامیہ سے اے آئی ٹیکنالوجی کے محفوظ ہونے کے حوالے سے تنازعات تھے۔