نواز شریف اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سمیت مسلم لیگی رہنماوں پر مقدمہ درج کرنے کا مدعی بدر رشید خان ہیرا پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ راوی ٹاون کا صدر ہے جس پراقدام قتل ،نا جائز اسلحہ رکھنے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات درج ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق شہری بدر رشید پر اقدام قتل کا مقدمہ تھانہ شاہدرہ جبکہ ناجائز اسلحہ کا مقدمہ تھانہ شرقپور میں درج ہے۔ علاوہ ازیں بدر رشید پر کار سرکار میں مداخلت اور پولیس سےہاتھا پائی کا مقدمہ تھانہ انار کلی لاہور میں درج ہے۔ پولیس کے مطابق اس کیس کا مدعی گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی ٹکٹ پر یونین کونسل چئیرمین کا الیکن بھی لڑ چکا ہے اور اس کے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے قریبی تعلقات بھی پائے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دن سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ن لیگی قیادت پر اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں بدر رشید کی جانب سے تھانہ شاہدرہ میں بغاوت مقدمہ درج کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس مقدمے کی مخالفت کی مگر مدعی کا تعلق تحریک انصاف اور چوہدری سرور سے نکل آنے پر اہم سوال جنم لیتا ہے کہ ایک مطلوبہ مجرم نے کس اثرورسوخ کی بنیاد پر انتہائی سنگین مقدمہ درج کروایا۔