Get Alerts

ورلڈ کپ 2023:  پاکستان کا پہلا مقابلہ آج  نیدر لینڈز سے ہو گا

سات برس بعد بھارت جانے والی پاکستانی ٹیم نے حیدرآباد میں کئی ٹریننگ سیشنز کیے ہیں اور قومی ٹیم نے اپنی خامیوں کو دور کرنے کیلئے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف دو وارم اپ میچز سے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ بھارت کے موسم میں خود کو ڈھالنے کی کوشش کی ہے۔ 

ورلڈ کپ 2023:  پاکستان کا پہلا مقابلہ آج  نیدر لینڈز سے ہو گا

ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں شاہینوں کا سفر آج سے شروع ہو گا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ نیدر لینڈز کیخلاف کھیلے گی۔

دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے حیدر آباد کے راجیو گاندھی سٹیڈیم میں ان ایکشن ہوں گی۔   گرین شرٹس نے ورلڈ کپ میں پہلے میچ کیلئے اپنی تیاریاں مکمل کر لیں۔ سات برس بعد بھارت جانے والی پاکستانی ٹیم نے حیدرآباد میں کئی ٹریننگ سیشنز کیے ہیں اور قومی ٹیم نے اپنی خامیوں کو دور کرنے کیلئے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف دو وارم اپ میچز سے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ بھارت کے موسم میں خود کو ڈھالنے کی کوشش کی ہے۔ 

پاکستان اور نیدر لینڈز کی ٹیمیں اب تک ایک روزہ میچز میں چھ بار آمنے سامنے آ چکی ہیں اور چھ میں ہی فتح شاہینوں کے نام رہی جبکہ ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں دو بار آپس میں ٹکرائی ہیں۔ دونوں میچوں میں کامیابی پاکستان کے حصے آئی۔  پہلی بار 1996 کے ورلڈ کپ میں گرین شرٹس نے 8 وکٹوں سے جیت حاصل کی جبکہ دوسری بار 2003 میں 97 رنز سے نیدر لینڈز کو مات دی تھی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ہماری تیاری اچھی ہے۔ ایونٹ میں اچھا پرفارم کریں گے۔ دو پریکٹس میچوں میں مختلف کمبی نیشن آزمائے ہیں۔ باؤلنگ میں ہمارے فاسٹ باؤلرز ہمیشہ ہماری قوت رہے ہیں۔

پاکستان کے ورلڈ کپ میں پہلے میچ سے قبل جمعرات کو حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی کافی تجربہ کار ہو چکے ہیں۔ چار سال میں انہوں نے بہت کرکٹ کھیلی۔ ہماری بیٹنگ صرف بابر اور رضوان کے گرد نہیں گھومتی۔ہمارے پاس بہت سے باصلاحیت بیٹرز ہیں۔  ہمارا باؤلنگ اٹیک دنیا کے بہترین باؤلنگ اٹیکس میں سے ایک ہے اور جب سکور بورڈ پر رنز لگے ہوئے ہوں گے تو ہمارے باؤلرز اس کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم اپنے طرز کی کرکٹ کھیلتی ہے جسے پاکستانی برانڈ کی کرکٹ کہتے ہیں۔ اس طرز کی کرکٹ صرف پاکستانی ٹیم کھیلتی ہے اور امید ہے کہ ہم اسی برانڈ کی کرکٹ کھیل کر ورلڈ کپ جیتیں گے۔

واضح رہے قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ 10 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو ہوگا۔