کابینہ اجلاس میں لاک ڈاؤن کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، صرف ایک وزیر نے ماسک پہنا

کابینہ اجلاس میں لاک ڈاؤن کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، صرف ایک وزیر نے ماسک پہنا
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کرونا وائرس سمیت دیگر امور پر کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔ تاہم اجلاس میں شامل لوگوں نے کرونا وائرس کے حوالے سے تمام تر حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کی جو فوٹیج سامنے آئی ہے اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کابینہ کے لوگ ساتھ ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں اور ایک وزیر کو چھوڑ کر کسی بھی وزیر نے ماسک نہیں پہنا ہوا۔

سوشل میڈیا صارفین نے ملک میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومتی ارکان کی جانب سے اس قسم کی لاپرواہی پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔



واضح رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے کچھی کینال منصوبے کی تحقیقات ایف آئی اے سے لے کر نیب کے حوالے کرنے کی منظوری بھی دی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورت حال، ملکی معاملات، آٹا چینی بحران کی انکوائری رپورٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے حالیہ فیصلوں پر کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ عوام سے رپورٹس پبلک کرنے کا وعدہ پورا کر دیا، 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے پر مزید ایکشن ہوگا، جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔