سیکیورٹی فورسز کا ہائی پروفائل انٹیلی جنس آپریشن کامیاب، لیڈ انٹیلی جنس ایجنسی نے انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کرلیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیاہے کہ سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کرلیا۔ گلزار امام عسکریت پسند کالعدم تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی اور رہنما ہے جو بلوچ ریپبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام کے بعد وجود میں آئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بی این اے پنجگور اور نوشکی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) کی تنصیبات پر حملوں سمیت پاکستان میں درجنوں پرتشدد دہشت گرد حملوں کا ذمہ دار تھی۔
گلزار امام 2018 تک بلوچ ریپبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کے نائب کے طور پر بھی رہا۔ گلزار امام بلوچ راجی آجوئی سانگر کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے رہا اور اس کے آپریشنل سربراہ رہا۔گلزار امام کے افغانستان اور بھارت کے دورے بھی ریکارڈ پر ہیں۔ گلز ار امام نے دسمبر 2017 میں گل نوید کے نام سے افغان پاسپورٹ پر بھارت کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ گلزار امام کومختلف مقامات پر منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا۔اس کی گرفتاری بی این اے کے ساتھ ساتھ دیگر عسکریت پسند گروپوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہےجو بلوچستان میں محنت سے حاصل کیے گئے امن کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے ہوسٹائل انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ روابط کی چھان بین کی جا رہی ہے۔