نقیب اللہ محسود کے اس یتیم بیٹے کو کبھی انصاف نہیں ملے گا، ترجمان وزیراعظم کا اعتراف

ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ ہمارے اس سسٹم میں نقیب اللہ محسود کے بیٹے کو انصاف نہیں ملے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام کپیٹل ٹاک میں میزبان حامد میر نے نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان محسود کی میت کی تصویر دکھائی جس میں نقیب اللہ محسود کا یتیم بیٹا اپنے دادا کے تابوت کے سرہانے بیٹھا ہے۔

حامد میر نے تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے ناظرین اور سٹوڈیو میں موجود مہمانوں سے سوال کیا کہ اس یتیم بچے کو انصاف کب ملے گا؟

حامد میر کے سوال پر جواب دیتے ہوئے ترجمان وزیراعظم پاکستان ندیم افضل چن نے اعتراف کیا کہ نقیب اللہ محسود کے بیٹے کو اس سسٹم میں انصاف نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آپ یہی سمجھیں کہ یہ میں اقبال جرم کر رہا ہوں۔



یاد رہے کہ نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان محسود اپنے بیٹے کے قاتلوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کی جنگ لڑتے لڑتے خود کینسر کے مرض سے زندگی کی جنگ ہار گئے، چند روز قبل محمد خان ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ نقیب اللہ محسود کو کراچی میں بدنام زمانہ پولیس افسر ایس ایس پی راؤ انوار نے جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا تھا۔