Get Alerts

پولنگ 8 فروری کو ہو گی، الیکشن شیڈول چند روز میں جاری کر دیں گے:  چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عوام ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔ الیکشن کمیشن کیساتھ تعاون کرکے پُرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔عوام کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے۔ اپنے اور بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر ووٹ کا استعمال کریں۔ انتخابی عمل عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی۔

پولنگ 8 فروری کو ہو گی، الیکشن شیڈول چند روز میں جاری کر دیں گے:  چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ  چند روز میں الیکشن شیڈول دے دیا جائے گا۔ پولنگ 8 فروری 2024ء کو ہو گی۔

قومی ووٹرز ڈے پر اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی و قانونی ذمے داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔شفاف، پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار اور پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا۔ چند روز میں ڈی آر او، آر او اور اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن آپ کو یقین دلاتا ہے کہ الیکشن کے دوران آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

سکندر سلطان راجہ نے مزید کہا کہ عوام ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔ الیکشن کمیشن کیساتھ تعاون کرکے پُرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔عوام کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے۔ اپنے اور بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر ووٹ کا استعمال کریں۔ انتخابی عمل عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی۔

اس سے قبل یکم دسمبر کو بھی چیف الیکشن کمشنر کیا جانب سے بیان دیا گیا تھا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان 8 فروری سے 54 دن قبل ہو گا۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حلقہ بندیاں شائع ہو چکیں باقی سب کچھ اپنے وقت پر ہو گا۔ ہم سب کچھ اپنے وقت سے پہلے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن شیڈول، آر آوز اور ڈی آر آوز کی تعیناتی بھی وقت پر ہو گی۔

اس موقع پر صحافی نے چیف الیکشن کمشنر سے سوال کیا کہ انتخابی شیڈول کب جاری ہو گا؟ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے جواب دیا کہ 8 فروری سے پیچھے 54 دن کا حساب لگا لیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ آر آوز اور ڈی آر آوز عدلیہ یا بیوروکریسی سے لیں گے؟ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے مسکراتے ہوئے نو کمنٹس کا جواب دیا۔