Get Alerts

استعفوں کے باوجود عمران خان سمیت پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو تنخواہیں جاری

استعفوں کے باوجود عمران خان سمیت پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو تنخواہیں جاری
سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفے تاحال منظور نہیں ہوئے جس کے باعث انہیں تنخواہیں جاری کردی گئیں۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کو ان کے اکاؤنٹس میں مارچ سے 10 اپریل تک کی تنخواہیں بھجوائی گئی ہیں، 10 اپریل کے بعد کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کا فیصلہ استعفوں کی تصدیق کے بعد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کو تنخواہوں کے علاوہ دیگر ممبران اسمبلی کی طرح مراعات بھی تاحال حاصل ہیں، ان کے پاس تاحال رہائشی مکانات (لاجز) بھی موجود ہیں، جب تک فرداً فرداً استعفی کی تصدیق نہیں ہوجاتی اس وقت تک استعفے قبول نہیں کیے جاسکتے۔

ذرائع کے مطابق استعفے منظور ہونے کا ایک عمل ہے جسے مکمل کرنا ضروری ہے، جب تک ضابطے کی کارروائی مکمل نہیں ہوگی استعفے قبول نہیں ہوں گے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے استعفے بھجوا دیئے گئے ہیں جس کے بعد اب انہیں منظور کرنا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ یا اسپیکر کی ذمہ داری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کچھ روز تک اس معاملے پر ضابطے کی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔