سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے خلاف نیب انکوائری بند

سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے خلاف نیب انکوائری بند
قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر اور دیگر افراد کے خلاف انکوائری عدم ثبوت کی بنا پر بند کر دی۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی صدارت میں نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ جس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل نیب، ڈی جی آپریشن نیب، ڈی جی نیب راولپنڈی اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، سابق رکن قومی اسمبلی غلام ربانی کھر، چوہدری محمد منیر اور میاں امتیاز کے خلاف جاری انکوائریوں کو عدم شواہد کی بنیاد پر بند کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔



یاد رہے کہ نیب نے رواں برس فروری میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی تھی، جس میں چوہدری شجاعت حسین اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر پرویز الہٰی بھی شامل تھے۔