Get Alerts

جو ذمہ دار یا کارکن نماز کی پابندی نہیں کرے گا، پاک سرزمین پارٹی کا حصّہ نہیں رہے گا: مصطفیٰ کمال

جو ذمہ دار یا کارکن نماز کی پابندی نہیں کرے گا، پاک سرزمین پارٹی کا حصّہ نہیں رہے گا: مصطفیٰ کمال
پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اگر کوئی پارٹی کارکن نماز کی پابندی نہیں کرے گا تو وہ پارٹی کا حصہ نہیں رہے گا۔

چئیرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے تربیتی اجتماع میں شریک کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے یہ میری پارٹی کا فیصلہ ہے کہ اگر کوئی پاک سر زمین پارٹی کا ذمہ دار کارکن رہنا اور بننا چاہتا ہے تو خواہ وہ شیعہ، سنی، مالکی، بریلوی کسی بھی مسلک کا ہے، اگر اپنے اپنے طریقے سے پانچ وقت کی نماز نہیں پڑھ سکتا تو وہ پارٹی کا حصہ نہیں رہ سکتا۔ یہ آج سے پابندی ہے۔ آج سے کارکنان اس فیصلے کے پابند ہیں۔

چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ جتنے مجمعے سے میں نے یہ بات کی تھی ان کو میری بات ماننی چاہیے تھی۔ میں یہ بات کیوں کہہ رہا ہوں؟ مجھے رسوانہیں ہونا بلکہ کامیاب ہونا ہے۔ مجھے اپنی موت یاد ہے۔ میں جب اپنے رب کے سامنے کھڑا ہوں تو مجھ سے سوال ہوگا کہ میں گھنٹوں تک اپنی تقریر سناتا تھا، عوام میری تقلید کرتے تھے لیکن میرے حمایتی اللہ رب العزت کی آواز پر پانچ وقت اس کی طرف پلٹ کر نہیں آتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب کو زندگی، رزق، اولاد، گھر اور شفا دینے والی ذات اللہ پاک کی ہے اور جنت دوزخ بھی اسی کی ہے۔ لیکن جب یہ سوال کیا جائے گا کہ میں نے ایک بار بھی اپنے ساتھ کھڑے ہونے والوں کو نہیں کہا کہ چلو رب بلا رہا ہے، میں کہاں جاؤں گا؟ کیا جواب دوں گا؟ میں نے جس نیت سے یہ تحریک، یہ کارواں شروع کیا ہے، میں پشیمانی کے بغیر سینہ تان کے اپنے رب سے کہنا چاہتا ہوں کہ میرے رب میں نے یہ کام تیری رضا کے لئے کیا، تیرے تمام احکامات کو پورا کرتے ہوئے میں نے سیاست کی ہے۔ مجھے رب کی رضا اسی سیاست میں چاہیے۔

انہوں نے پارٹی کارکنان سے مزید کہا کہ اگر اس وقت موجود تمام مجمع اٹھ کر یہ کہے کہ یہ شرط قبول نہیں ہے تو اٹھو اور اپنے اپنے گھروں کو جاؤ۔ رتی برابر بھی پروا نہیں، میرے دل میں بال برابر بھی کوئی ملال نہیں آئے گا۔