Get Alerts

'نواز شریف خود کو قانون کے سامنے پیش کر کے ہیرو بن جائیں گے'

پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات میں بیلٹ پیپر پر لازمی ہونا چاہئیے ورنہ الیکشن کے روز ملک میں ہنگامے پھوٹ پڑیں گے، فساد برپا ہو گا۔ پی ٹی آئی کو باہر رکھ کر الیکشن کروانے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا کیونکہ وہ نتائج کو نہیں مانیں گے۔

'نواز شریف خود کو قانون کے سامنے پیش کر کے ہیرو بن جائیں گے'

نواز شریف نے اگر قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو انہیں قانون کے سامنے پیش ہونا چاہئیے۔ جو قانون عمران خان کے لیے ہے وہی نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری کے لیے بھی ہے۔ نواز شریف اگر خود کو قانون کے سامنے پیش کرتے ہیں تو ہیرو بن جائیں گے۔ یہ کہنا ہے سینیئر صحافی افتخار احمد کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات میں بیلٹ پیپر پر لازمی ہونا چاہئیے ورنہ الیکشن کے روز ملک میں ہنگامے پھوٹ پڑیں گے، فساد برپا ہو گا۔ پی ٹی آئی کو باہر رکھ کر الیکشن کروانے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا کیونکہ وہ نتائج کو نہیں مانیں گے۔ پی ٹی آئی کا ووٹر پولنگ سٹیشن پر آ گیا اور اس نے ہنگامہ نہ کیا، توڑ پھوڑ نہ کی تو ن لیگ کے گڑھ لاہور سے بھی پی ٹی آئی 4 سے 5 سیٹیں جیت جائے گی۔

ان کے مطابق انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں، خاص طور پر ن لیگ کی تیاری نہیں نظر آتی۔ ن لیگ کے صدر شہباز شریف اپنے حلقے کا دورہ کرنے جاتے ہیں تو انہیں شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ پارٹیوں نے ووٹرز کو منظم نہیں کیا اور ن لیگ نے پچھلے چند سالوں سے ووٹرز کے ساتھ رابطہ منقطع کر لیا ہے۔

میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔