Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایس آئی کو کامیاب آپریشن پر مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایس آئی کو کامیاب آپریشن پر مبارکباد
وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچ نیشنل آرمی (بی این اے) کے بانی گلزار امام کی گرفتاری کے شاندار آپریشن پر آئی ایس آئی کو مبارکباد دی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر حساس ادارے کو بی این اے کے بانی کی گرفتاری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بی این اے کے بانی کی گرفتاری کے لیے ایک شاندار آپریشن کرنے پر آئی ایس آئی کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ آپریشن ہمارے اداروں کی شاندار پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مزید کہا کہ اس گرفتاری سے بلوچستان میں عسکریت پسندی کو کچلنے اور امن کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے میں مدد ملے گی۔

https://twitter.com/CMShehbaz/status/1644579005775880192?s=20

علاوہ ازیں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آئی ایس آئی اور ڈائیریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور قومی سلامتی کمیٹی کے تمام شرکاء نے ڈیسک بجا کر آئی ایس آئی اور اس کے سربراہ کو شاندار کارنامے پر ڈیسک بجا کر شاباش دی۔

شرکاء نے سراہتے ہوئے کہا کہ انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام عرف شمبے کو آپریشن میں گرفتار کرنا بڑا کارنامہ اور پروفیشنل ازم کا ثبوت ہے۔ بلوچ نیشنل آرمی اور ’براس‘ کے بانی راہنما کی اس نوعیت کے انٹیلی جنس آپریشن میں گرفتاری دنیا میں دوسرا جبکہ پاکستانی تاریخ کا پہلا آپریشن ہے۔ یہ آپریشن انٹیلی جنس کے شعبے میں ایک نمایاں کارنامے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز  نے انٹیلی جنس آپریشن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کر لیا۔ گلزار امام عسکریت پسند کالعدم تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی اور رہنما ہے جو بلوچ ریپبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی  کے انضمام کے بعد وجود میں آئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بی این اے پنجگور اور نوشکی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) کی تنصیبات پر حملوں سمیت پاکستان میں درجنوں پرتشدد دہشت گرد حملوں کا ذمہ دار تھی ۔

گلزار امام 2018 تک بلوچ ریپبلکن آرمی  میں براہمداغ بگٹی کے نائب کے طور پر بھی رہا۔ گلزار امام بلوچ راجی آجوئی سانگر کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے رہا اور اس کے آپریشنل سربراہ رہا۔گلزار امام کے افغانستان اور بھارت کے دورے بھی ریکارڈ پر ہیں۔ گلز ار امام نے دسمبر 2017 میں گل نوید کے نام سے افغان پاسپورٹ پر بھارت کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ گلزار امام کومختلف  مقامات پر  منصوبہ بندی  کے تحت  کیے گئے  آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا۔اس کی گرفتاری بی این اے کے ساتھ ساتھ دیگر عسکریت پسند گروپوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہےجو بلوچستان میں محنت سے حاصل کیے گئے امن کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے ہوسٹائل انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ روابط کی چھان بین کی جا رہی ہے۔