Get Alerts

طیبہ گل کے الزامات، سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم نے 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

طیبہ گل کے الزامات، سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم نے 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا
سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم نے ہراسانی کے الزام لگانے والی خاتون طیبہ گل کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طیبہ گل کے معاملے میں جو بھی کارروائی کی وہ قانون کے مطابق تھی۔ لیکن انہوں نے میری فون کال کی ریکارڈنگ کرکے اس کا غلط استعمال کیا۔

شہزاد سلیم کا کہنا تھا کہ طیبہ گل ایک کیس میں مدعی اور ایک کیس میں ملزمہ رہیں۔ نیب لاہور کو ان کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں۔ اس معاملے پر بات کرتے ہوئے نیب کے ترجمان نوازش علی نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیبہ گل نے میرے بارے کیں غلط بیانی کی، میری تو کبھی اس خاتون سے ملاقات تک نہیں ہوئی۔

خیال رہے کہ طیبہ گل نے کہا تھا کہ میں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جو بھی الزام لگایا درست لگایا،چاہیں تو آڈیو ویڈیو کی فارنزک کرا لیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ سابق ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے سامنے میرا دوپٹہ کھینچا گیا، میرے کپڑے اتارے گئے اور میری ویڈیو بنائی گئی جو بعد میں یہ لوگ میرے شوہر کو دکھاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نیب اہلکار عمران ڈوگر مجھے دھمکیاں دیتا تھا جبکہ ترجمان نیب نوازش علی نے جھنگ آ کر مجھ پر دبائو ڈالا کہ چیئرمین نیب سے صلح کرو۔ میں نے تنگ آ کر جاوید اقبال کی ویڈیوز سیٹزن پورٹل پر اپ لوڈ کر دی تھیں۔