Get Alerts

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا بھیس بدل کر احساس ایمرجنسی کیش مرکز کا اچانک دورہ

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا بھیس بدل کر احساس ایمرجنسی کیش مرکز کا اچانک دورہ
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جمعے کو اسلام آباد امام بری میں احساس ایمرجنسی کیش مرکز کا اچانک دورہ کیا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ایک عام صارف کا بھیس بدل کر لوگوں کو ایمرجنسی کیش کی وصولی کے دوران پیش آنے والے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے مرکز پر کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سنٹر میں موجود مستحق خواتین اور مرد حضرات سے گفتگو کی اور کرونا سے بچاؤ کے خصوصی حفاظتی اقدامات دیکھے، جن میں ایمرجنسی کیس مرکز کو ڈس انفیکٹ کرنا، سماجی فاصلہ قائم رکھنا اور ہاتھوں کو سینیٹائز کرنا شامل ہیں۔

اس موقع پہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ صارفین کی سہولت کیلئے نادرا کے دفاتر 4 مئی سے کھول دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث لگنے والے لاک ڈاؤن کے باعث غریب طبقہ مالی مشکلات کا شکار ہے، عوام کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے حکومت نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت مستحق افراد کو 12 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔