سندھ پولیس کے کرونا وائرس سے متاثرہ افسران و اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 115 ہو گئی، جمعے کے روز 5 نئے کیسز سامنے آئے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق اب تک 115 افسران و اہلکار کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ کرونا کی وبا کے دوران فرائض کی ادائیگی کے دوران 2 اہلکار جاں بحق بھی ہوئے۔ مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج افسران و اہلکاروں کی تعداد 97 ہے جبکہ 15 اہلکار صحتیاب ہو کر گھر جاچکے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ زیر علاج ایک سب انسپکٹر کی حالت تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات جاری ہیں۔ کرونا کے خلاف ہر اول دستے کے طور پر کام کرنے والے افسران اور جوان خدمت انسانیت کے لیے انتہائی پرعزم اور بلند حوصلہ ہیں۔
واضح رہے کہ 20 اپریل کو کراچی میں پولیس کے 15 اہلکاروں کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد اعلیٰ انتظامیہ نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو ان اہلکاروں کے ساتھیوں اور اہلخانہ کے افراد کے بھی ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی تھی۔
پولیس عہدیداروں اور ذرائع نے کہا تھا کہ وائرس کا شکار ہونے والے اہلکاروں میں 2 انسپکٹرز اور 2 سب انسپکٹرز بھی شامل ہیں جبکہ دیگر مختلف علاقوں میں تعینات ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹییبلز ہیں۔
خیال رہے کہ سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 ہزار 691 ہوچکی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبے میں 7 ہزار 575 ایکٹو مریض ہیں، ان میں 6 ہزار 421 گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، 687 حکومت کے آئسولیشن مراکز میں ہیں اور 527 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔